05 مارچ ، 2012
لاہور … مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ فوج سیاست کا رخ نہ کرے، سرحدوں کی حفاظت پر مامور رہے تو اس کا نام اورمقام بلند ہوگا۔ لاہور میں شہیدکرنل شیراز کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران نوازشریف نے ماڈل ٹاوٴن لنک روڈ کا نام شہید کرنل شیراز روڈ رکھنے کا اعلان کیا۔ بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو سرائیکی صوبے پر جلدبازی اور بیان بازی کی بجائے تمام جماعتوں سے مشاورت کرنی چاہئے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ حکومت سے سخت مایوس ہیں، اس نے ہر وعدے کی خلاف ورزی کی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سمیت ہر مسئلہ پر پر قوم کے ساتھ کھڑے ہیں، وفاقی حکومت جس طریقے سے معاملات چلا رہی ہے اس طرح ملک نہیں چلتا۔ نواز شریف نے ڈی جی آئی ایس آئی کی ملازمت میں توسیع کے سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ نائن الیون کے وقت ملک میں جمہوری حکومت ہوتی تو انتہا پسندی بھی نہ ہوتی۔