05 مارچ ، 2012
اسلام آباد … اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی تعلیمی بورڈ کی چیئرپرسن شاہین خان کی تعیناتی کے خلاف فیصلے پر حکم امتناع جاری کردیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ریاض احمد خان اور جسٹس عظیم خان آفریدی پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بنچ نے وفاقی تعلیمی بورڈ کی چیئرپرسن شاہین خان کی طرف سے دائر کی گئی انٹراکورٹ اپیل کی سماعت کی۔ جس میں موقف اختیار کیا تھاکہ ان کی تقرری قانون کے مطابق کی گئی ہے، اس لئے درخواست پر فیصلے تک انہیں کام کرنیکی اجازت دی جائے۔ عدالت نے شاہین خان کی تقرری کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت اپریل کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔