03 مئی ، 2013
اسلام آباد … نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے کہا ہے کہ نگراں حکومت کا مینڈیٹ ہے کہ انتخابات پرامن، آزادانہ، شفافانہ اور غیر جانبدارانہ منعقد ہوں، اس کیلئے تمام ضروری اقدامات کررہے ہیں، نگراں حکومت کی مدت میں توسیع قبول نہیں کریں گے، انتخابات کے بعد عوام کے منتخب نمائندوں کو بلا تردد اقتدار منتقل کردیں گے، ووٹ کے ذریعے اپنی رائے کے اظہار کا سب کو حق ہے۔ نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے قوم سے خطاب کے دوران کہا کہ اللہ کا شکر گزار ہوں جس نے قوم کی خدمت کا موقع دیا، قیام پاکستان کی تحریک کو قریب سے دیکھا، پاکستان کا قیام برصغیر کے عوام کی جمہوری کوششوں کا نتیجہ ہے، قائد اعظم کی بصیرت ، بے لوث قیادت، بے مثال قائدانہ صلاحیتوں کو خراج عقیدت پیش کرتا، پہلے وزیراعظم کو قتل کردیا گیا، جمہوریت کو پٹری سے اتار دیا گیا اور پاکستان کو سقوط ڈھاکا جیسے سانحے سے گزرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات پر امن، آزادانہ، شفافانہ اور غیر جانبدارانہ منعقد ہوں گے، نگراں حکومت کا آئینی مینڈیٹ یہ ہی ہے، اپنا مقصد حاصل کرنے کیلئے نگراں حکومت تمام ضروری اقدامات کرے گی، انتخابات کے بعد نگراں حکومت عوام کے منتخب نمائندوں کو بلا تردد اقتدار منتقل کردے گی، نگراں حکومت کی مدت میں توسیع کو قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کے ذریعے رائے کا اظہار ہر شہری کا حق ہے، ہماری کوشش ہے کہ ووٹر اپنی مرضی اور پسند کے مطابق آزادی کے ساتھ اپنے ووٹ کا استعمال کر سکیں، ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے ووٹ کا تقدس برقرار رکھا جائے، تمام سرکاری اداروں اور ملازمین کو ہدایات کی ہے کہ غیر جانبداری سے اپنا کام انجام دیں۔ میر ہزار خان کھوسو نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور کراچی میں دہشت گردی کے واقعات ہوئے ہیں اور بے گناہ لوگ شہید ہوئے ہیں، دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، اگرچہ امن و امان کا قیام آئینی طور پر صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، تاہم نگراں وزرائے اعلیٰ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل رابطے میں ہیں تاکہ انتخابی عمل پر امن رہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ حکومت نے انتخابات کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوج کی تعیناتی اور کوئیک رسپانس فورس کے دستے تیار کئے ہیں جو ضرورت پڑنے پر فوری مدد کو پہنچیں گے، حکومت نے وزارت داخلہ میں خصوصی سیل قایم کیا ہے جو حساس معلومات اکٹھی کرکے حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فراہم کرے گا جو کارروائی عمل میں لائیں گے، سیکیورٹی کو بہتر کرنے اور مانیٹرنگ کو بہتر بنانے کیلئے تمام وسائل کو استعمال کرررہے ہیں۔