08 مئی ، 2013
حیدرآباد…حیدرآباد میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرکے کالعدم تحریک طالبان کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان نے ایم کیو ایم کے امیدوار فخرالاسلام کے قتل سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا۔حیدرآباد میں انتخابات کے موقع پر دہشت گردوں کا منصوبہ ناکام قانون نافذ کرنیوالوں نے تین دہشت گرد گرفتار کرلیے دہشت گردوں سے 30 کلو بارود اور خودکش جیکٹس برآمددہشت گردوں نے سنگین وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا۔ حیدرآباد کے علاقے زیل پاک کالونی میں خفیہ اطلاع پر پولیس اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے ایک مکان پر چھاپا مارا۔ مکان سے کالعدم تحریک طالبان کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے خودکش جیکٹس اور سیمنٹ بلاک میں بنائے گئے 10۔10 کلو گرام کے تین بم برآمد کرلئے گئے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں سینٹرل جیل حیدرآباد کے باہر پولیس موبائل پر حملہ ، سائٹ ایریا میں ایم کیوایم کے سیکٹر آفس میں فائرنگ کرکے تین کارکنوں کو قتل اور ہالہ ناکہ پر ایم کیوایم کے امیدوار فخر اسلام کی ٹارگیٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔دوسری طرف ایس ایس پی ثاقب اسماعیل میمن نے میڈیا کو بتایا کہ سیمنٹ بلاکس میں بنائے گئے تینوں بموں کے ساتھ موبائل فون بھی نصب تھے،جنہیں بی ڈی ایس نے ناکارہ بنادیا۔