12 مئی ، 2013
اسلام آباد… غیر سرکاری تنظیم فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک نے عام انتخابات پر ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق حالیہ الیکشن قدرے منصفانہ عمل کے ذریعے ووٹرز کی آزادانہ رائے کا عکاس ہے۔ اسلام آباد سے جاری کی گئی ابتدائی رپورٹ کے مطابق فافن کے چیئرمین زاہد اسلام نے کہا ہے کہ الیکشن میں مرکزی اور چاروں صوبائی نگراں حکومتیں غیر جانبدار رہیں۔ خیبر پختونخوا، بلوچستان اور فاٹا میں تحریک طالبان نے پیپلز پارٹی اور اے این پی کو نشانہ بنایا جب کہ بی ایل اے کی وجہ سے بلوچستان میں انتخابی سرگرمیاں محدود رہیں، اس بنیاد پر یہ کہنا مشکل ہے کہ خیبر پختونخوا، بلوچستان اور فاٹا میں انتخابات منصفانہ ہوئے جہاں بعض علاقوں میں خواتین کے ووٹ ڈالنے پر پابندی بھی تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انتخابی عمل کے دوران تشدد کے واقعات میں 400 افراد جاں بحق اور 1000 زخمی ہوئے ، یہ ملکی تاریخ کے مہلک انتخابات تھے اور سیکیورٹی اداروں نے موثر کارروائی بھی نہیں کی۔