12 مئی ، 2013
کوئٹہ … کوئٹہ میں آئی جی پولیس بلوچستان مشتاق سکھیرا کے گھر کے قریب دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ میں زرغون روڈ پر آئی جی بلوچستان مشتاق سکھیرا کے گھر کے قریب خود کش حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہیں، زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں کچھ افراد کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق دھماکا بہت شدید تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ اس سے قبل رپورٹ آئی تھی کہ شہر پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا ہے تاہم بعد میں اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ آئی جی پولیس کے گھر کے قریب ایک دھماکا ہوا ۔ دھماکے کے بعد علاقے کو پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے گھیرے میں لے لیا جبکہ واقعے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔