15 مئی ، 2013
اسلام آباد… آئندہ دور حکومت میں حکمران جماعت کو سیاسی تقرریوں سے قبل از وقت روکنے کی درخواست دائرکردی گئی ہے۔ اسلام آبادہائی کورٹ نے سیکریٹری اطلاعات، سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اور سیکریٹری فنانس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔ جسٹس ریاض احمد خا ن نے فیصل اقبال خان کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی ، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ آئندہ دور حکومت میں حکومتی اداروں کے سربراہوں اور اہم عہدوں پر صرف میرٹ کے تحت ہی تقرری کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے جائیں ،اداروں میں سیاسی بھرتیوں سے روکا جائے۔ درخواست گزار کے مطابق ماضی میں پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں میرٹ کو نظر انداز کر کے سیاسی تقرریوں کے ذریعے تقریباً1800 ارب روپے کی بد عنوانی کی گئی۔