پاکستان
15 مئی ، 2013

ملک بھر میں گرمی عروج پر، دادو 47 ڈگری سینٹی گریڈ کیساتھ گرم ترین مقام

ملک بھر میں گرمی عروج پر، دادو 47 ڈگری سینٹی گریڈ کیساتھ گرم ترین مقام

اسلام آباد … پنجاب کے بعض علاقوں میں تیز بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تاہم ملک کے دیگر حصوں میں گرمی عروج پر ہے، دادو میں درجہ حرارت 47 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ آج دن بھر سخت گرمی کے بعد شام کے وقت جھنگ ، سرگودھا ، چنیوٹ اور میانوالی میں کہیں ہلکی تو کہیں آندھی کے بعد موسلا دھار بارش ہوئی۔ بارش کی بوندیں پڑتے ہی گرمی سے پریشان شہریوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی، تاہم پنجاب کے دیگر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ فیصل آباد، رحیم یار خان اور دیگر علاقوں میں گرمی سے بچنے کیلئے لوگ دوپہر کے وقت نہروں کا رخ کرلیتے ہیں۔ سندھ اور بلوچستان میں سب سے زیادہ گرمی پڑرہی ہے جہاں دن کے وقت باہر نکلنا بھی محال ہے، لوگ دھوپ سے پناہ کیلئے درختوں کی چھاوٴں تلاش کرتے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں گرمی کی لہر 3 سے 4 روز تک برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ دادو آج ملک کا گرم ترین علاقہ رہا جہاں درجہ حرارت 47 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ نوابشاہ اور سکھر میں 46 جبکہ پڈ عیدن، جیکب آباد اور موہن جو دڑو میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سکھر اور نوابشاہ میں 46، حیدرآباد 44، ملتان 41، لاہور 40 اور کراچی میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ آئندہ 4 روز کے دوران سندھ اور بلوچستان میں شدید گرمی پڑے گی۔

مزید خبریں :