پاکستان
08 مارچ ، 2012

الطاف حسین نے کبھی کسی ایجنسی یا فرد سے رقم نہیں لی ،تر جمان

کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان نے ایک بارپھرواضح اوردوٹوک الفاظ میں کہاہے کہ الطاف حسین نے آئی ایس آئی یاکسی سرکاری ایجنسی یاکسی بھی فرد سے ایک پائی بھی نہیں لی اوربعض لوگوں کی جانب سے ان پرلگائے گئے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ۔اپنے ایک بیان میں ترجمان نے کہاکہ یہ بات حقیقت ہے کہ سرکاری ایجنسیوں نے قائدتحریک کو باربارخریدنے کی کوشش کی،1988ء میں آئی ایس آئی کے بریگیڈیئر امتیاز، جنرل حمیدگل کی جانب سے قائدتحریک کے پاس رقم لے کرآئے لیکن قائدتحریک نے رقم لینے سے صاف انکارکیا،جس کااعتراف بریگیڈیئر امتیاز گزشتہ دنوں میڈیا کے سامنے خود کرچکے ہیں ۔اسی طرح1990ء میں بریگیڈیئرحامد، جنر ل مرزااسلم بیگ کی جانب سے قائدتحریک کے پاس رقم لیکرآئے لیکن قائدتحریک الطاف حسین نے وہ رقم بھی لینے سے انکارکیاجس کاثبوت آئی ایس آئی کے اس وقت کے سربراہ جنرل اسددرانی کاسپریم کورٹ میں جمع کرایا گیا وہ بیان حلفی ہے جس میں آئی ایس آئی سے رقم لینے والے دیگر سیاستدانوں کے نام شامل ہیں لیکن قائدتحریک الطاف حسین کانام شامل نہیں ، جنرل اسد درانی کایہ بیان حلفی آج بھی سپریم کورٹ کے ریکارڈکاحصہ ہے۔ترجمان نے کہاکہ مہران بینک کے سابق سربراہ یونس حبیب کی جانب سے یوسف ایڈوکیٹ نامی شخص کے ذریعے قائدتحریک الطاف حسین کورقم دینے کی بات بھی سراسرجھوٹ اوربہتان ہے اورایم کیوایم اس کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتی ہے ۔ ترجمان نے کہاکہ قائدتحریک الطاف حسین کاجرم یہی ہے کہ انہوں نے سرکاری ایجنسیوں اوران کے ایجنٹوں کے ہاتھوں اپنے ظرف وضمیرکاسودانہیں کیا جس کی پاداش میں ماضی میں بھی ان پرطرح طرح کے الزامات لگائے گئے اورعوام میں ان کاامیج خراب کرنے کی کوشش کی گئی اوراب بھی عوام کوگمراہ کرنے کیلئے ان پر من گھڑت اور بیہودہ الزامات لگائے جارہے ہیں ۔ترجمان نے کہاکہ ایم کیوایم کی قیادت کادامن پاک اورضمیرمطمئن ہے اوروہ ہرفورم پر ان الزامات کا سامناکرنے کیلئے تیارہے۔

مزید خبریں :