08 مارچ ، 2012
اسلام آباد…بلوچ رہ نما شاہ زین بگٹی کااسلام آبادکے ایک ہوٹل میں امریکی سفارت کار کے ساتھ ملاقات کے موقع پرفوٹیج بنانے پرایک صحافی سے جھگڑاہوگیا۔انہوں نے اس سے موبائل چھین کرگالیاں دیں جبکہ ان کے سیکیورٹی عملے نے اسلحہ تان لیا۔ وفاقی پولیس نے شاہ زین کو فراہم کردہ سیکیورٹی پر مامور 4 مسلح اہلکاروں کو پوچھ گچھ کے لئے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کردیاہے۔اسلام آباد کے فائیو اسٹار ہوٹل میں ایک تقریب کے بعد صحافیوں نے ہوٹل کے ایک حصے میں بلوچ رہ نما شاہ زین بگٹی کو ایک امریکی سفارت کارکے ہمراہ گفت گو کرتے دیکھ کر تعارف کرایااور فوٹیج بنانے کی کوشش کی جس پر شاہ زین بگٹی سخت غصے میں آگئے۔اوراپنے سیکورٹی عملے کوکارروائی کرنے کاکہا۔جس پراس نے رپورٹرپراسلحہ تان لیا۔موقع پرموجوددیگرصحافیوں نے احتجاج کیاتوشاہ زین بگٹی اٹھ کر اپنے کمرے جبکہ سیکیورٹی کا عملہ فوراً پنجاب ایلیٹ کمانڈوز کی وردیاں پہن کر گاڑیوں میں جابیٹھا۔ہوٹل انتظامیہ نے بھی صحافیوں سے ناروا سلوک کیا اور وفاقی پولیس کو بلا لیا،جس نے ایک گھنٹے بعد موقع پرپہنچ کرصحافیوں کی شکایت پر سیکیورٹی کے چار اہلکاروں کو حراست میں لے کر تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کردیاجبکہ ایک اہلکار کالے رنگ کی پجارو ای سی 22 نمبر کی گاڑی ہوٹل سے بھگاکر لے گیا۔