22 مئی ، 2013
اسلام آباد…عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ وہ عمران خان کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے لیے ایم کیو ایم سے رابطہ کریں گے، زرداری،گیلانی اور پرویز اشرف سب ہاٹ واٹر میں ہیں، اب دیکھنا یہ ہے کہ فوج کتنا عرصہ نواز شریف کے ساتھ چل سکتی ہے۔ شیخ رشید ایوان صدر اسلام آباد میں چینی وزیر اعظم کے اعزاز میں تقریب کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کر رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ایم کیو ایم عقل کا مظاہرہ کرے تو عمران خان اپوزیشن لیڈر بن سکتے ہیں، قومی اسمبلی کی مدت چار سال ہونی چاہئیے،فوج نے ملک میں جمہوریت کو وقت دیا جو قابل تحسین ہے،آرمی چیف نے نواز شریف سے ملاقات کر کے بڑے پن کا ثبوت دیا لیکن دیکھنا یہ ہے کہ فوج کتنا عرصہ نواز شریف کے ساتھ چل سکتی ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان بننے سے لے کرآج تک 17 وزرائے اعظم آئے کوئی مدت پوری نہ کر سکا اس تاریخ کو سامنے رکھتے ہوئے دیکھ لیں کہ نواز شریف کہاں کھڑے ہیں،انہوں نے کہا کہ اب کوئی انہیں تانگہ پارٹی نہیں کہہ سکتا،انتخابات میں پنجاب سے ایک آدھ سیٹ جیت کر ق لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت دس جماعتیں ان کے ساتھ آ کھڑی ہوئی ہیں۔