پاکستان
23 مئی ، 2013

نواز شریف نے چین سے سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی پر تعاون مانگ لیا

نواز شریف نے چین سے سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی پر تعاون مانگ لیا

اسلام آباد…مسلح افواج کے سربراہان اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ سے الگ الگ ملاقات کی ہے۔میاں نواز شریف نے چینی وزیر اعظم سے توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون طلب کیا ہے۔ مسلح افواج کے سربراہان اور مسلم لیگ ن کے صدرنواز شریف نے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔اس دوران پاک چین دفاعی تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ممالک کے درمیان دفاع کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے صدرمیاں نواز شریف کی چینی و زیر اعظم سے ملاقات کے دوران شہباز شریف،چودھری نثار علی خان ،اسحق ڈار اور طارق فاطمی بھی موجود تھے جبکہ چینی وزیر خارجہ Wang Yi نے چینی وزیر اعظم کی معاونت کی۔ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف نے توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے سول نیوکلئیر ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون طلب کرتے ہوئے کہا کہ چین توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرے۔انہوں نے دو طرفہ تجارتی روابط اور تجارتی حجم بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان انفرا سٹرکچر کی ترقی کے لئے چین کے تجربے سے استفادہ کرناچاہتا ہے،مسلم لیگ ن کے اعلامیے کے مطابق میاں نواز شریف نے کہا کہ مضبوط،مستحکم اور خوشحال چین خطے میں امن اور استحکام کا ضامن ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ چین توانائی کے بحران کے خاتمے اور معیشت کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے۔چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ نے پاکستان کو تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خطے کے اہم امور پر دونوں ممالک میں ہم آہنگی پائیدارردوستی کا ثبوت ہے۔چینی وزیر اعظم نے میاں نوازشریف کو دورہ چین کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔میاں نواز شریف کی چینی وزیر اعظمسے ملاقات شیڈیول سے بھی آدھ گھنٹہ زیادہ دیر تک جاری رہی جس میں انہوں نے پاکستان میں توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے ان کی مدد مانگی تو چینی وزیر اعظم نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزید خبریں :