23 مئی ، 2013
پشاور…خیبر پختون خوا میں تحریک انصاف کے نامزد وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ انہیں پروٹوکول پسند نہیں۔ پولیس ساتھ ہوتو ایسا لگتا ہے کہ جیل میں ہوں ۔ صوبے کو بڑے مسائل کا سامنا ہے جن کو مل جل کر حل کرنا ہوگا۔پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پرویزخٹک نے کہا کہ وہ پروٹوکول کو پسند نہیں کرتے۔ انہیں آزادی سے گھومنااچھا لگتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں شفاف اور مثالی حکومت بنائی جائے گی ۔نامزد وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے کو بڑے مسائل کا سامنا ہے جن کو مل کر حل کیاجائے گا۔پرویز خٹک نے کہا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کرائیں جائیں گے جبکہ تحریک انصاف کے منشور پر مکمل عمل کیاجائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا کی نگران حکومت کا کام بھرتیاں کرنا نہیں ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ نگراں حکومت نگرانی کے لئے آئی اور جاتے جاتے اپناخیال رکھنا شروع کردیا ہے۔اس موقع پر آزاد اراکین مشتاق غنی، سمیع اللہ علیزئی اور قلندر لودھی نے غیر مشروط طور پر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔