23 مئی ، 2013
کوئٹہ … کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر بم دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی جبکہ بلوچستان کانسٹیبلری کے 10 شہید اہل کاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ جمعرات کی صبح کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر بھوسہ منڈی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس میں ابتدائی طور پر اہلکاروں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد میں اسپتال میں 5 زخمی چل بسے، جس کے بعد دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلر ی کے 10 اہلکاروں سمیت جاں بحق افراد کی تعداد 13 متعدد افراد زخمی ہیں۔ دھماکے میں شہید 10 سیکیورٹی اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی، جس میں آئی جی پولیس بلوچستان مشتاق سکھیرا، سیکریٹری داخلہ اکبر حسین درانی، ڈی آئی جی آپریشنر فیاض سنبل اور پولیس کے دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ نمازجنازہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سیکریٹری داخلہ نے جاں بحق اہلکاروں کے لواحقین کیلئے مالی امداد کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لواحقین کو 30 ، 30 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔