23 مئی ، 2013
اسلام آباد … نیب نے سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی تقرری کی تحقیقات کیلئے دو سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویز اشرف کو طلب کر لیا ہے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے اوگرا عملدرآمد کیس کی سماعت کی۔ نیب نے عدالت میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کو 26 مئی جبکہ یوسف رضا گیلانی کو 27 مئی کو طلب کیا گیا ہے۔ دونوں سابق وزرائے اعظم سے توقیر صادق کی بطور چیئرمین اوگرا تقرری کے بارے میں تحقیقات کی جائیں گی۔ سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کو 30 مئی کو طلب کیا گیا ہے۔ نیب کا کہنا ہے کہ توقیر صادق کی پاکستانی حوالگی کے بارے میں دبئی کی عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو 3 جون کو سنایا جائے گا۔