23 مئی ، 2013
کراچی …چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مشیر عالم کا کہنا ہے کہ وکلاء برادری جہاں قانون کے حوالے سے اپنا کردار ادا کر رہی ہے وہیں طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی کوشا ں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ ہائی کورٹ میں سندھ ہائی کورٹ بار اسوسی ایشن کی جانب سے صحت کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی میں بہترین کارکردگی انجام دینے والوں کو سڑٹیفیکیٹس دینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں سندھ ہائی کورٹ بار اسوسی ایشن کی جانب سے میڈیکل کیمپس لگائے گئے وہیں امید ہے کہ ملک بھر کے بار ایسوسی ایشنز بھی اس قسم کے کام انجام دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کا مہینہ بھی قریب ہے، چاہتے ہیں کے جیلوں میں بھی وکلا کی جانب سے طبی سہولیات فراہم کی جائیں جس کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔