31 مئی ، 2013
گجرات…گجرات میں اسکول وین حادثے کی ابتدائی تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وین میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔وین میں موجود پیڑول سے بھرے دو کین آگ پھیلنے کا سبب بنے۔موٹر ویہیکل اگزامنر کے مطابق گجرات میں شعلوں کی نذر ہونے والی وین کا کوئی فیول ٹینک نہیں تھا۔ڈرائیور نے وین کو پیڑول پر چلانے کے لئے پلاسٹک کے ایک کین کو عارضی انتظام کرکے انجن کے ساتھ منسلک کیاہواتھا۔حادثے کے روز ڈرائیور نے وین کو سی این جی سے پیٹرول پر منتقل کیا تو انجن کے پاس شارٹ سرکٹ ہوا اور اس مقام پر پیٹرول گرے ہونے کی وجہ سے آگ لگ گئی۔اس وقت وین میں پیڑول سے بھرا ایک اور کین بھی موجود تھا جس کی وجہ سے آگ نے پلک جھپکتے ہی پوری وین کو لپیٹ میں لے لیا۔اگزامنر کے مطابق وین میں بنایا گیا ایک اور دروازہ ڈرائیور نے مستقل طور پر بند کررکھا تھا،جو اگر کھلا ہوتا تو حادثے میں جانی نقصان کم ہوسکتا تھا۔