31 مئی ، 2013
اسلام آباد…جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مفاہمت جبر سے نہیں ہوسکتی، اس کے لئے طالبان کو اعتماد میں لینا ہوگاکہ وہ کیوں بندوق چھوڑ کر مفاہمت کی طرف آئیں۔مولانا فضل الرحمان نے یہ بات اسلام آباد میں پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ طالبان نے منفی حکومتی رویئے کی وجہ سے مذاکرات کی پیشکش واپس لی۔ واقعات بتارہے ہیں کہ حالات بہت گھمبیر ہیں اور نئی حکومت کو پھونک پھونک کر قدم اٹھانا ہوگا۔ ایک سوال پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کے درمیان پیش رفت اطمینان بخش ہے ، لیکن حتمی فیصلہ تب ہی ہوگا جب باضابطہ معاہدہ ہوجائے گا۔