09 مارچ ، 2012
کراچی … دفاع پاکستان کونسل کے تحت لاپتہ افراد کی بازیابی اوربلوچستان کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لئے کراچی، پشاور، اسلام آباد ملتان سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ کراچی میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت الدعوة انجینئر نوید قمر کاکہنا ہے کہ بلوچ عوام کو حقوق دلوانے کیلئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں متحد ہوکر حکومت پر دباوٴ ڈالیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچ عوام محب وطن اور ہمارے بھائی ہیں، حکومت بلوچ عوام کی محرومیوں کو دور کرے۔ پشاور میں ریلی چوک یادگارسے شروع ہوکرقصہ خوانی میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں دفاع پاکستان کونسل میں شامل مذہبی جماعتوں کے کارکنوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پرامریکا مخالف، بلوچستان سے یکجہتی اور لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق مطالبات درج تھے۔ اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ بلوچستان سمیت ہر جگہ فوجی آپریشنز بند کئے جائیں اور لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے اور حکومت بھارت کو پسندیدہ ملک قرار نہ دے کیونکہ اس کی بلوچستان میں مداخلت کے واضح ثبوت موجودہیں۔ دفاع پاکستان کونسل کی اپیل پر جماعت الدعوة اور مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے ملتان کے گھنٹہ گھر چوک پر بلوچستان کی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے جلسہ کیا گیا اور امریکی پرچم بھی نذر آتش کیا گیا۔ جلسہ میں تحریک انصاف ،متحدہ شہری محاز جماعت الدعوة سمیت دیگر تنظیموں کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں تمام فوجی آپریشن فوری طور پر بند کئے جائیں اور امریکا سمیت تمام بیرونی طاقتیں جو بلوچستان میں حالات خراب کر رہی ہیں ان سے سختی سے نمٹا جائے ۔