پاکستان
09 مارچ ، 2012

پیپلزپارٹی اور ن لیگ تحریک انصاف سے نہیں جیت سکتیں، عمران خان

پیپلزپارٹی اور ن لیگ تحریک انصاف سے نہیں جیت سکتیں، عمران خان

گوجر خان … تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن تحریک انصاف کا راستہ روکنے کیلئے اکھٹی ہوگئی ہیں، دونوں جماعتیں اپنے امپائر بھی کھڑے کرلیں تو تحریک انصاف سے میچ نہیں جیت سکتیں، اصغر خان کیس سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ گوجر خان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن نے ضمنی انتخابات میں بھی مک مکا کیا۔ عمران خان نے کہا کہ دونوں جماعتیں تحریک انصاف کی سونامی سے خوفزدہ ہیں اسی لئے مک مکا کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ایک اور قلا بازی کھائی ہے اور 20ویں آئینی ترمیم میں حکومت کے ساتھ مل گئی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ اصغر خان کیس سے پتہ چل جائے گا کہ اسٹیبلشمنٹ کن کن جماعتوں کو پال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس آئی سے ایک پیسہ لینے کا ان پر الزام ثابت ہوجائے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ ملک کا وزیراعظم، صدر کے لوٹے ہوئے 500 کروڑ روپے بچانے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شرم کریں کہ وہ سپریم کورٹ میں ایک مجرم کو تحفظ فراہم کررہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف واضح طورپر کہتی ہے کہ دوسروں کی جنگ سے نکلا جائے، اس جنگ سے ملک کو 70 ارب ڈالر نقصان ہوچکا ہے اور 40 ہزار قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا طالبان سے مذاکرات کررہا ہے تو ہم نہ کرکے کیوں پاگل پن کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف برسراقتدار آکر مذاکرات کے ذریعے قبائلی عوام کو ساتھ ملائے گی اور امریکی غلامی ہمیشہ کیلئے ختم کردیگی۔

مزید خبریں :