03 جون ، 2013
اسلام آباد … او لیول کے پرچے آوٴ ٹ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، برٹش کونسل کا کہنا ہے کہ پرچے بیرون ملک سے آوٴٹ ہوئے، دونوں پرچے دوبارہ لئے جائیں گے۔ برٹش کونسل آف پاکستان کے مطابق کیمبرج سسٹم او لیول کے تحت گزشتہ ماہ مئی میں اسلامیات اور مطالعہ پاکستان کے پرچوں میں بے ضابطگی کا انکشاف ہوا ہے جن کے نتائج منسوخ کردیئے گئے ہیں اور اب یہ امتحانات پاکستان میں 13 اور 14 جون کو ہوں گے۔ اسلامیات اور مطالعہ پاکستان کے پرچے پاکستان سے باہر آوٴٹ ہوئے جس کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ تمام طلبہ کیلئے امتحانات میں دوبارہ شرکت لازمی قرار دی گئی ہے، جو طالب علم 13 اور 14 جون کو امتحانات نہیں دے سکتے وہ نومبر میں امتحانات دے سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ او لیول کے امتحانات پاکستان میں مئی میں لئے جاچکے ہیں اورکئی طلبہ موسم گرما کی چھٹیاں گزارنے بیرون ملک جاچکے ہیں۔