06 جون ، 2013
اسلام آباد…نئی حکومت نے دفتر خارجہ کو خارجہ پالیسی پر رہنما اصول جاری کر دیئے ، تمام سفارتخانوں اور مشنز کو معاشی سفارتکاری کے فروغ ، پاکستان کا جمہوری و ترقی پسند تشخص اجاگر کرنے ، ہمسایہ ممالک سے تعلقات کی بہتری کو اولین ترجیح ینے کی ہدایت کر دی گئی۔ ترجمان دفتر خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے خارجہ پالیسی پر گائیڈ لائنز دی گئی ہیں ۔ اس کے تحت افغانستان میں قیام امن کیلئے علاقائی اتفاق رائے پیدا کرنے اورافغان قیادت کے تحت افغان مصالحتی عمل کی حمایت کا عزم کیا گیا ہے۔ بھارت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات معمول پر لانے اور کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کا حل ڈھونڈنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ وزیر اعظم نے پالیسی گائیڈ لائنز میں واضح کیا ہے کہ پاک امریکا تعلقات نہایت اہم اور مفادات مشترکہ ہیں، باہمی اختلاف مل بیٹھ کر حل کئے جائیں۔