09 جون ، 2013
میران شاہ…شمالی وزیرستان اور بنوں میں سیکورٹی فورسز پر پے در پے تین بم حملے کیے گئے۔ جن میں 3 اہلکار جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک سے بنوں جانے والے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو ایشا کے قریب ریموٹ کنٹرول بم حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں 3 اہلکار جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ میران شاہ میں عیدک کے قریب سیکیورٹی قافلے پر ایک ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے حملہ کیا گیا،جس میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ادھر بنوں کے علاقے ایف آر بکا خیل میں بھی بنوں میرانشاہ روڈ پر نصب ریموٹ کنٹرول بم کا دھماکہ ہوا۔دھماکے میں گاڑی مکمل تباہ اور دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ شمالی وزیرستان کے تمام علاقوں اور بنوں میرانشاہ روڈ پر آج صبح ساڑھے چار بجے سے غیر معینہ مدت تک کا کرفیو بھی نافذ ہے۔