پاکستان
09 جون ، 2013

بلوچستان کاسب سے بڑا مسئلہ لاپتا افراد ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

بلوچستان کاسب سے بڑا مسئلہ لاپتا افراد ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ…نومنتخب وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ اس وقت لاپتا افراد کا معاملہ بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، کرپشن بلکل برداشت نہیں کی جائے گی، بلوچستان کا سیکریٹ فنڈ آج سے بند،نہ رہے گا بانس نہ بجے گی بانسری، سوٹ۔ بلوچستان اسمبلی میں خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے سب کی رہنمائی لے کرتبدیلی لائیں گے، بلوچستان کے تعلیمی ادارے تباہ ہوگئے، بلوچستان میں ترقی کے لئے امن کی ضرورت ہے، اس حکومت کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے کہ ہم اقلیتوں کو تحفظ دیں، ان کا کہنا تھا اس وقت بلوچستان میں آگ لگی ہوئی ہے، بھائی بھائی کو قتل کررہا ہے، نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان نے بلوچستان کی مسلح تنظیموں کومذاکرات کی دعوت بھی دی۔۔اُن کا کہنا تھاکہ دنیا کی کوئی طاقت مادری زبان کو پڑھنے سے نہیں روک سکتی،ہمیں تمام زبانوں سے پیار ہے، ہم عنقریب مادری زبانوں میں اسکولوں و کالجوں میں درس و تدریس کا سلسلہ شروع کریں گے، ملازمتوں کے معاملے میں بلوچستان کو اس کا حق دیا جائے، اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کریں گے، ہم وفاق سے لڑیں گے، ملازمتوں میں اپنے کوٹے کا حصہ لیں گے، ہم کسی دوسری فورس پر انحصار کرنے کی بجائے اپنی پولیس اور لیویز کو منظم کریں گے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاکہ گوادر میں زمینوں کی بندربانٹ ہوئی،جس نے بھی گوادرکی زمین حاصل کی ہے، اس کا نام ظاہرکیا جائے گا،حقائق سامنے لانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے، چاہے کوئی بھی قیمت چکانی پڑے،جیواور جینے دو کا فلسفہ اپنانا پڑے گا، ہمیں لڑانے والوں کی سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔اِس موقع پر انہوں نے اعتماد کرنے پرپورے ایوان کاشکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ سمیت حمایت کرنے والی دیگرجماعتوں کا بھی شکرگذار ہوں،اس وقت لاپتا افراد کا معاملہ بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے،نوازشریف اور عسکری قیادت بلوچستان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں، ڈیفنس، مواصلات، کرنسی سمیت پانچ محکمے وفاق کے پاس ہیں، بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے سب کی رہنمائی لے کرتبدیلی لائیں گے۔

مزید خبریں :