پاکستان
09 جون ، 2013

متحدہ کاوفاقی وزیرداخلہ سے لیاری کی صورتحال پر نوٹس لینے کامطالبہ

متحدہ کاوفاقی وزیرداخلہ سے لیاری کی صورتحال پر نوٹس لینے کامطالبہ

کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے لیاری کے مختلف علاقوں میں بموں سے حملے خاتون سمیت متعددافراد کے زخمی ہونے کے واقعات پر گہری تشویش کااظہار کیا ہے اوروزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے واقع کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ حکومت سندھ کی کھلی سرپرستی کے باعث پہلے ہی گینگ وار کے سفاک دہشت گردوں نے شہر میں بھتہ وصولی ، قتل و غارتگری ، اغواء برائے تاوان کا بازار گرم کررکھا تھا مگر اب گینگ وار سے تعلق رکھنے والے سفاک دہشت گرد آپسی تنازعات میں ایک دوسرے پر حملے کررہے ہیں اور شہر کا پرامن ماحول خراب کررہے ہیں اور گینگ وار کے حملوں کے نتیجے میں متعدد معصوم شہری اپنی جانوں سے نہ صرف ہاتھ دھو بیٹھے ہیں بلکہ کئی زخمی ہوکر اسپتالوں میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں جبکہ دیگر پرامن برادریاں بھی گیگ وار کے مظالم سے محفوظ نہیں ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ شہر کے قانون اور آئین پسند عوام یہ سوال پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ لیاری گینگ وار کے جرائم پیشہ دہشت گردوں کو کس آئین ، قانون اور اصول کے تحت حکومت سندھ سرپرستی فراہم کررہی ہے ؟۔ رابطہ کمیٹی نے لیاری کے علاقوں ہنگورا آباد اور لیاری گبول پارک کے نزدیک گینگ وار کے دستی بم حملوں زخمی خاتون سمیت دیگر افراد کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم میاں نواز شریف اور وفاقی وزیرد اخلہ چوہدری نثار علی خان مطالبہ کیا کہ لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کی کھلی غنڈہ گردی ، فائرنگ ، قتل و غارتگری اور دستی بموں سے حملوں کے واقعات کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے۔

مزید خبریں :