09 جون ، 2013
کراچی…کراچی کے علاقے لیاری میں نوجوانوں کی ہلاکت اورگرفتاریوں کے خلاف لیاری کی خواتین نے پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور وزیر اعلیٰ سندھ سے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ لیاری کی خواتین کے احتجاج میں پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی ثانیہ ناز بھی شریک ہوئیں ، مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ ز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے نوجوانوں کی ہلاکت کا نوٹس لینے اور ان کے خلاف کارروائی کے مطالبات درج تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ثا نیہ ناز نے کہا کہ آج جن بارہ لوگوں کو شہید کیاگیا ان میں آٹھ سال کی بچی ، 45سال کے بزرگ اور بارہ سال کا لڑکا بھی ہے کیا یہ دہشت گرد ہیں ،انھوں نے کہا مرد شہداء کی تدفین میں مصروف تھے اس لئے خواتین نے احتجاج کیا۔ ثانیہ ناز نے مزید کہا کہ اگر قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو وزیر اعلی ہاوٴس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔اس سے قبل لیاری میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے چار افراد کی نماز جنازہ علیحدہ علیحدہ ادا کی گئی نماز جنازہ میں پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جاوید ناگوری سمیت اہل علاقہ نے شرکت کی۔مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ واقعہ کی تحقیقات کرائیں اور قاتلوں کو کیفر کرادار تک پہنچایا جا ئے۔