09 جون ، 2013
اسلام آباد…ملک میں بجلی کی پیداوار 12ہزار میگاواٹ جبکہ طلب 17ہزار 7سو میگاواٹ ہے، اس طرح شارٹ فال 5ہزار 7سو میگاواٹ ہوگیا،شہروں میں 15،پندرہ گھنٹے جبکہ دیہات اور قصبوں میں اس سے بھی زیادہ غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ نے پھر سر اٹھا لیا،لاہور لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 15 گھنٹے جبکہ چھوٹے شہروں اور دیہات میں 18 گھنٹے تک ہوگیا ،لاہور کے اکثر علاقوں سے ٹرپنگ اور کم وولٹیج کی شکایات بھی آ رہی ہیں،ہربنس پورہ ، اقبال ٹاوٴن ، جوہرٹاوٴن ، اعوان ٹاوٴن ،اچھرہ اور سمن آباد سمیت شہر کے کئی علاقے شدید متاثر ہیں، متعدد علاقوں میں ٹیوب ویل نہ چلنے کے باعث پانی کی بھی کمی کا سامنا ہے۔