09 جون ، 2013
لاہور…تحریک انصاف اور جماعت اسلامی میں خیبر پختون خواہ کی کابینہ کی تشکیل کے معاملے پر ڈیڈلاک برقرار، عمران خان کی مداخلت بھی تعلیم کی وزارت پر دونوں جماعتوں میں اختلافات ختم نہ کرواسکی۔عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک لاہور میں ہونے والی ملاقات میں خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور دوسری بڑ ی اتحادی جماعت اسلامی کے نامزد سینئر وزیر سراج الحق شریک ہوئے۔ وزرات تعلیم کا قلمدان سونپنے کا معاملہ تحریک انصاف خیبر پختونخوا حل نا کر سکی تو پارٹی کے قائد عمران خان کے سامنے رکھا گیا، لیکن تقریبا ڈھائی گھنٹے جاری رہنے والی ملاقات میں اِس مسئلے پر کوئی واضح پیشرفت سامنے نہ آسکی۔میڈیا سے گفتگو میں کے پی کے کے وزیر اعلی پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وزارت کسی کے پاس بھی ہو،پالیسی سب کی ایک ہی ہوگی۔دوسری جانب جماعت اسلامی کے نامزد سینئر وزیر سراج الحق نے کہا کہ مسئلہ وزارتوں کا نہیں ایشوز کا ہے،صوبے کو اتحادکی ضرورت ہے۔