10 جون ، 2013
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے کہاہے کہ اے پی ایم ایس او پاکستان کی ایسی منفردطلبہ تنظیم ہے جس نے ایم کیوایم جیسی عوامی انقلابی تنظیم کوجنم دیا۔اے پی ایم ایس او کے 35ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں بانی تحریک الطا ف حسین نے کہاکہ اپنے حقوق سے محروم مہاجر طلبہ وطالبات کے حقوق کے حصول اورناانصافیوں کے خلاف11جون 1978ء کوجامعہ کراچی میں اے پی ایم ایس او یعنی آل پاکستان مہاجر اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن کاقیام عمل میں آیاتھاجس نے ناانصافیوں ا ورحق تلفیوں کی تاریکیوں میں ایک مشعل روشن کی اورجسکے نظریہ نے دیکھتے ہی دیکھتے مہاجرطلبہ وطالبات میں مقبولیت حاصل کی ۔اس تحریک کوختم کرنے اور روکنے کیلئے جنرل ضیاء کی مارشل لاء حکومت نے ہرطرح کاجبروستم ڈھایالیکن اس تحریک کوختم نہیں کیاجاسکا۔انہوں نے کہاکہ اے پی ایم ایس او کویہ اعزازحاصل ہے کہ اس نے ایم کیوایم جیسی عوامی تحریک کوجنم دیاجس کادائرہ آج پاکستان کے چاروں صوبوں،آزادکشمیر، گلگت بلتستان قبائلی اورشمالی علاقہ جات میں پھیل چکاہے۔تحریک کی یہ کامیابیاں شہیدوں کی قربانیوں کی بدولت ہے ۔ الطاف حسین نے تحریک کے تمام کارکنوں، ماوٴں،بہنوں بزرگوں ،بچوں خصوصاًاے پی ایم ایس او کے کارکنوں اورطلبہ وطالبات کو اے پی ایم ایس او کے 35ویں یوم تاسیس کی مبارکبادپیش کی اوران سے کہاکہ وہ آج کے دن اس عہدکی تجدیدکریں کہ وہ تحریکی جدوجہدمیں اپنی جانوں کانذرانہ پیش کرنے والے شہیدوں کوفراموش نہیں کریں گے اورتمام ترنامساعد حالات اورمصائب ومشکلات کے باوجودتحریک کے مشن ومقصدکے حصول کی جدوجہدجاری رکھیں گے۔