10 جون ، 2013
واشنگٹن ڈی سی…اٹلانٹا میں 28جون سے شروع ہونے والے ایم کیو ایم امریکہ کے 17ویں سالانہ تین روزہ کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔جس میں ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی، جوائنٹ آرگنائزرز محمد ارشد حسین اور ندیم صدیقی ، سینٹرل کمیٹی کے اراکین ثاقب محی الدین، وکیل جمالی، محمد ظہیر، گل محمد، توصیف خان، علی حسن، وسیم زیدی اورعامر قاضی نے شرکت کی جبکہ میڈیا سیل کے انچارج عمران حسین، اٹلانٹا چیپٹر کے انچارج حسیب خان سمیت مجلہ کمیٹی کے اراکین بھی اجلاس میں موجود تھے۔ حسیب خان نے اجلاس کے شرکاء کو کنونشن کی تیاریوں سے آگاہ کیا جبکہ اجلاس میں کنونشن کی مناسبت سے خصوصی مجلے کی اشاعت بھی زیر غور آئی۔ اس موقع پر سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے کہا کہ قائد کا پاکستان کے عنوان سے ایم کیو ایم امریکہ کا کنونشن پاکستانیوں کی امنگوں، جذبات اور خیالات کا ترجمان ثابت ہو گا،پاکستان کو فلاہی اور ترقی یافتہ ریاست بنانے کے قائد اعظم کے خواب کی تعبیر صرف قائد تحریک الطاف حسین کے پاس ہے،وہ قائد اعظم محمد علی جناح کے مشن کو آگے بڑھا کرمضبوط ، خوشحال اور خودمختار پاکستان کی تشکیل چاہتے ہیں ۔جنید فہمی اور سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی نے کنونشن کی تیاریوں پر اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ آخر میں کراچی میں دہشت گردی کی کاروائیوں کے نتیجے میں ایم کیو ایم کے شہید ہونے والے کارکنان کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔