11 جون ، 2013
لاہور…لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس خالد محمود نے خسرہ سے ہلاکتوں کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ حکومت بن چکی اور مٹھائیاں بٹ چکیں ،اب کام کیا جائے،اب اگر ایک بھی بچہ خسرہ سے ہلاک ہوا تو ڈی جی ہیلتھ سمیت وزیراعلیٰ تک ہر ذمہ دار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔لاہور ہائی کورٹ میں خسرہ سے ہلاکتوں کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس خالد محمود نے خسرہ سے روزانہ بچوں کی ہلاکتوں پربرہمی کا اظہار کیااور ریمارکس دیئے کہ سیاست بہت ہوگئی،اب کام کیا جائے، اب اگرخسرہ کے باعث ایک بھی بچے نے دم توڑا تو ڈی جی ہیلتھ سمیت وزیراعلیٰ تک ہر ذمہ دار کے خلاف کارروائی کی جائے گی،عدالت نے ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر تنویرسے استفسار کیاکہ بتایاجائے آپ لوگ کیا کر رہے ہیں،،ڈی جی ہیلتھ نے جواب دیاکہ حفاظتی ٹیکوں سے اموات میں کمی واقع ہوئی ہے،عدالت نے آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید کارروائی 13 جون تک ملتوی کر دی۔