12 جون ، 2013
اسلام آباد… وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے مبارکباد کا اشتہار شائع کرانے پر آئی جی موٹرویز ظفر عباس لک کو عہدے سے ہٹادیا‘ وزیراعظم نے ظفر عباس لک کیخلاف انضباطی کارروائی کی بھی ہدایت کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی جی موٹرویز ظفر عباس لک نے میاں محمد نواز شریف کے بطور وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر اخبارات میں تعریفی اشتہارات شائع کرائے اور انہیں وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی تھی۔ تعریفی اشتہار شائع ہونے کے بعد وزیراعظم میاں نواز شریف نے آئی جی موٹرویز ظفر عباس لک سے اشتہار دینے کے حوالے سے وضاحت طلب کی تھی۔ گذشتہ روز آئی جی موٹرویز نے وزیراعظم کو اشتہار دینے کے حوالے سے اپنی وضاحت پیش کی تاہم وزیراعظم نے ان کی اس وضاحت کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہیں آئی جی موٹروے کے عہدے سے ہٹادیا اور انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں رپورٹ اور ان کیخلاف انضباطی کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔