24 جون ، 2013
پشاور … چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ جسٹس دوست محمد خان کا کہنا ہے کہ عسکری اورسیاسی قیادت خودسیاحتساب شروع کریں، ہمارے پاس آخری مہلت ہے کہ پوری قوم رول آف لاء کے ایجنڈے پر ایک ہوجائے۔ پشاور میں ماتحت عدالتوں کے ججز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس دوست محمدخان کا کہناتھا کہ خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹس ہیں کہ دہشت گردی کے بڑے واقعات میں بیرونی ہاتھ ملوث ہیں، اسکردو کا واقعہ اس کی ایک مثال ہے۔ چیف جسٹس کا کہناتھا کہ ایلیٹ کلاس غلط پالیسیاں بناتی ہے، جس کی وجہ سے ملک بحرانوں میں گھر جاتا ہے، صرف سیاسی نعروں اور تقریروں سے کچھ نہیں بنے گا بلکہ ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔ ان کا کہناتھا کہ عسکری اور سیاسی قیادت خود سے احتساب شروع کرے اورچند غلط کاروں کو قانون کے شکنجے میں لائیں توباقی خود بخود درست ہوجائیں، صوبے میں 110 ججز کی کمی ہے جس کی تعیناتی کا اختیار ہائیکورٹ کو ملنا چاہئے۔