13 مارچ ، 2012
کراچی… ماری پورروڈ پر مچھر کالونی اسٹاپ کے قریب ٹرالر پر رکھے سامان کی ٹکر سے گرنے والے پیڈسٹرین برج کا ملبہ اداروں کے درمیان انتظامی کشمکش کے باعث اٹھانے کی باقاعدہ کارروائیاں تو نہیں ہوئیں تاہم علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹاکر ٹریفک بحال کردیا۔ عینی شاہدین کے مطابق کراچی میں واقع ماری پورروڈ پر مچھر کالونی کے قریب اسٹاپ پر واقع پیڈسٹرین برج ایک ٹرالر پر رکھے ہیوی جنریٹر کی ٹکر سے ٹوٹ کر گرگیا۔حادثے کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم پل کا ملبہ روڈ پر گرنے کی وجہ سے ماری پور سے گلبائی تک کراچی پورٹ سے رات گئے نکلنے والے ہیوی ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔پل گرنے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد سمیت مختلف ریسکیو اداروں کی ایمبولینسیں اور علاقہ پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی ۔ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کرین لاکر ملبہ اٹھانے کا کام مکمل کیا لیکن اداروں کے درمیان انتظامی کشمکش کے باعث جائے حادثہ پر کسی قسم کی باقاعدہ کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔ترجمان بلدیہ عظمی کے مطابق ماری پور روڈ پر گرنے والا برج بلدیہ عظمی کا نہیں بلکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر انتظام تھا۔واضح رہے کہ حادثے کا شکار برج ایک سال قبل بھی گرچکا ہے۔