پاکستان
15 مارچ ، 2012

کراچی میں بھتہ کی وصولی اور جرائم میں اضافے پر الطاف حسین کی تشویش

کراچی میں بھتہ کی وصولی اور جرائم میں اضافے پر الطاف حسین کی تشویش

کراچی …متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی میں شہریوں خصوصاً تاجروں، صنعتکاروں اوردکانداروں سے بھتہ کی وصولی ،اغوابرائے تاوان ، ڈکیتیوں ، لوٹ ماراوراسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کااظہارکیاہے اوران وارداتوں کی روک تھام کے سلسلے میں پولیس ،رینجرزاور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی پرسخت افسوس کااظہارکیاہے۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ کراچی میں ایک جانب تو جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے گھروں ،دکانوں اوربینکوں میں ڈکیتیوں اوراسٹریٹ کرائمزکی وجہ سے عام شہری تنگ ہیں ،دوسری جانب جرائم پیشہ عناصرکی جانب سے صنعتکاروں، تاجروں اور دکانداروں سے ایک بارپھر کھلے عام بھتہ وصول کیاجارہاہے اورنہ دینے پر انہیں قتل ،اغوااوردستی بموں سے حملوں کی کھلی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ تاجربرادری پولیس وانتظامیہ کے تمام اعلیٰ حکام کواس صورتحال سے مسلسل آگاہ کررہی ہے لیکن ان وارداتوں کی روک تھام کیلئے کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے بلکہ کراچی کی تاجربرادری کو جرائم پیشہ عناصر کے رحم وکرم پر چھوڑدیاگیاہے۔ صورتحال اس قدرسنگین ہوگئی ہے کہ اب کراچی کی تاجربرادری اپنا کاروبار بندکرنے پرمجبورہوگئی ہے۔ اسی طرح حیدرآباد ،میرپورخاص اوردیگرشہروں میں بھی جرائم کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں۔ الطاف حسین نے صدرآصف زرداری اوروزیراعظم یوسف رضاگیلانی کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے اوراس کی معیشت کی تباہی پاکستان کی معیشت کی تباہی ہے لہٰذااگرصدرآصف زرداری اوروزیراعظم یوسف رضاگیلانی پاکستان کی معیشت کوتباہی سے بچاناچاہتے ہیں تووہ فوری مداخلت کرتے ہوئے کراچی کی معیشت کوبچائیں، کراچی کے صنعتکاروں، تاجروں اور دکانداروں سمیت تمام شہریوں کوجرائم پیشہ بھتہ مافیا سے نجات دلائیں ،تاجربرادری سمیت تمام شہریوں کوتحفظ فراہم کریں اور بھتہ کی وصولی ،اغوابرائے تاوان ، ڈکیتیوں اور اسٹریٹ کرائمزمیں ملوث جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔


مزید خبریں :