15 مارچ ، 2012
اسلام آباد … اسلام آباد میں نیو بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن ویز کی تکمیل کے بعد پہلی مرتبہ ایک طیارے نے لینڈنگ کی۔ وزیر دفاع چوہدری احمد مختار کا کہنا ہے کہ یہاں کارگو پروازیں جلد شروع کر دی جائیں گی۔ اسلام آباد سے 24 کلومیٹر کی مسافت پر نیو بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے، اس کے دو رن ویز بن چکے ہیں ، یہاں پہلی مرتبہ ایک پرائیویٹ طیارے نے لینڈنگ کی، اس موقع پر وزیر دفاع چوہدری احمد مختار بھی موجود تھے۔ 75 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس ایئرپورٹ کا ابتدائی تخمینہ پہلے 40 ارب اور بعد میں 60 ارب روپے لگایا گیا لیکن افراط زر میں اضافے کے باعث اب اس کی لاگت 75 ارب روپے تک بڑھ چکی ہے۔ 3200 ایکڑ رقبے پر یہ پاکستان کا سب سے بڑا اور واحد ایئرپورٹ ہوگا جہاں دنیا کے سب سے بڑے مسافر جہاز اے 380 کے اترنے کی سہولت بھی موجود ہے۔ وزیر دفاع چوہدری احمد مختار کا کہنا ہے کہ اس ایئرپورٹ پر کارگو آپریشن جلد شروع کرنا چاہتے ہیں تا کہ آمدن شروع ہو۔