16 مارچ ، 2012
لاہور … پولیس نے لاہور کے علاقے غازی آباد میں ایک گھر سے زنجیروں میں جکڑی 2 خواتین کو بازیاب کرا لیا ہے، دونوں خواتین، ملزم اور پولیس کے بیانات میں تضاد نے معاملے کو مزید مشکوک بنا دیا ہے۔ اہلِ محلہ کے مطابق ملزم اظہر جاوید نے اپنی اہلیہ شمیم اختر اور 14 سالہ بھانجی امبر کو ایک سال سے گھر میں زنجیروں میں جکڑ رکھا تھا، پولیس نے اطلاع ملنے پر چھاپہ مار کر دونوں کو بازیاب کر الیا اور ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ شمیم اختر کے مطابق اسے شوہر نے قید کر رکھا تھا، بھانجی امبر نے الزام لگایا کہ شمیم اختر نے اسے باندھ رکھا تھا جبکہ ملزم اظہر کا کہنا تھا کہ دونوں بھاگ جاتی تھیں، اس لئے گھر سے نہیں جانے دیتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی وہ کچھ نہیں کہہ سکتے، تفتیش ہوگی تو اصل صورتحال سامنے آجائے گی۔