17 ستمبر ، 2013
انقرہ…وزیراعظم نواز شریف آج انقرہ میں ترکی کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کریں گے اورپاک ترک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ترکی کے تین روزہ دورے کے دوسرے دن آج وزیراعظم نواز شریف نے انقرہ میں ترکی کے سیکیورٹی حکام سے ملاقات کی اور ان سے سیکیورٹی کی صورت حال پر بات چیت کی اور پاکستان میں ترکی کی طرز کی پولیس فورس کی تربیت سے متعلق امورپرتبادلہ خیال کیا۔نواز شریف نے کہا کہ پاکستانی پولیس کو جدید تربیت اور ہتھیاروں سے لیس کریں گے اور پاکستانی پولیس اہل کاروں کی ترکی میں تربیت بھی کرائی جائے گی۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، سیکریٹری داخلہ ،ترک وزیرداخلہ اور پولیس چیف بھی موجود تھے۔اس سے پہلے وزیر اعظم اتاترک میوزیم کا دورہ کیا۔ وزیراعظم آج ترک صدر عبداللہ گل سے ون آن ون ملاقات کریں گے، ترک صدر کی جانب سے وزیر اعظم کو جمہوریہ نشان دیا جائے گا۔ وزیراعظم آج اپنے ترک ہم منصب سے بھی ملاقات کریں گے اور ان کے ساتھ اعلٰی سطح کی کانفرنس کی صدارت کریں گے۔کانفرنس کے اختتام پرمشترکا پریس بریفنگ بھی ہوگی۔ وزیراعظم آج ترک سرمایہ کاروں سے ملاقات بھی کریں گے اور پاکستان میں سرمایہ کاری اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں 15 سے زائد مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط بھی کریں گے۔