17 ستمبر ، 2013
کوٹلی…لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری ہے ، نکیال سیکٹر میں بھارتی فائرنگ سے ایک خاتون زخمی ہوگئی۔ پاک فوج نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی۔ذرائع نے بتایا کوٹلی کے نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے چند روز کی خاموشی کے بعد ایک بار پھر فائرنگ اور گولا باری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔بھارتی فوج رات سے نکیال سیکٹر کے علاقوں دیری ، لنجوٹ، دبسی اور نخنال میں وقفے وقفے سے فائرنگ اور گولا باری کررہی ہے۔ لوگ گھروں میں محصور ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نکیال محمد ایوب خان کے مطابق دیری کے علاقے میں ایک خاتون نسرین زخمی ہوئی جسے نکیال اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ بھارتی جارحیت پر پاک فوج نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی۔