22 ستمبر ، 2013
لاہور…قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بیٹنگ لائن کمزور ہے، اس میں بہتری لانی ہو گی۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ اپنی خواہش پر نہیں، بورڈ کی مرضی سے کپتان بنا، اب بھی بورڈ جو فیصلہ کرے گا، قبول ہو گا۔ مصباح الحق دورہ زمبابوے اور چیمپیئنز لیگ کرکٹ میں شرکت کے بعد گزشتہ رات وطن لوٹے ہیں۔ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کا بڑا مسئلہ کمزور بیٹنگ ہے۔ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کا بھی بڑا نقصان ہو رہا ہے۔جب سوال آیا کہ سابق کرکٹرز آپ کو کپتانی سے ہٹانے کی بات کر رہے ہیں تو مصباح کا کہنا تھا کہ کپتانی، ان کی خواہش پر نہیں ملی۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ 2015 کھیلیں گے یا نہیں، ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے۔