22 مارچ ، 2012
لاہور … سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ سونامی عذاب کا نام ہے، یہ دعوت دینے والوں کو اپنے ساتھ بہا کر نہ لے جائے، عدلیہ کے خلاف سازش ہوئی تو پہلے کی طرح سڑکوں پر آسکتے ہیں۔ ایوان وزیر اعلیٰ میں ییلو کیب اسکیم کی قرعہ اندازی کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت نے خود قبل از وقت انتخابات کی بات کی ہے، دیکھیں اکتوبر میں ہوتے ہیں یا فروری میں۔ ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کے خلاف سازش ہوئی تو پہلے کی طرح سڑکوں پر آسکتے ہیں، جو لوگ سوتے جاگتے ان پر مک مکا کا الزام لگاتے ہیں یہ ان کی بدقسمتی ہے۔ سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ عمران خان مضحکہ خیز باتیں کرتے ہیں۔ تقریب سے خطاب میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں غربت کی لائن سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی شرح 34 فیصد سے بڑھ کر 70 فیصد ہوگئی ہے۔