22 مارچ ، 2012
اسلام آباد … صدر آصف علی زرداری نے ہدایت کی ہے کہ کراچی میں بھتہ مافیا کے خلاف بلاا متیاز کارروائی کی جائے اور جرائم پیشہ عناصر کو کسی سیاسی جماعت کی پناہ حاصل کرنے نہ دی جائے۔ کراچی میں امن و امان کے حوالے سے ایوان صدر اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سندھ کے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد، وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ، وزیر داخلہ منظور وسان، چیف سیکریٹری، سیکریٹری داخلہ اور وفاقی وزارت داخلہ کے حکام نے شرکت کی۔ ترجمان ایوان صدر فرحت اللہ بابر کے مطابق صدر نے بھتہ خوری میں ملوث عناصر کیخلاف بلا خوف و خطر کارروائی کرنے کی ہدایات دی ہیں اور پولیس فورس کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ سندھ نے اجلاس کو کراچی میں بھتہ مافیا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق صدر زرداری نے ہدایت کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کو کسی بھی سیاسی جماعت کی پناہ حاصل نہ کرنے دی جائے اور ان کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ ذرائع کے مطابق صدر کا کہنا ہے کہ اتحادیوں کے تمام تحفظات دور کیے جائیں گے، کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے جسے عدم استحکام سے دو چار نہیں کرنے دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق صدر نے بتایا کہ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کو کراچی میں امن و امان یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت اور ایم کیو ایم کے ساتھ رابطے میں رہنے کی ہدایات دی ہیں۔ صدر نے کہا کہ وہ خود بھی کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کی مانیٹرنگ کریں گے۔