24 مارچ ، 2012
لاہور…پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں کامیابی پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے جبکہ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ بنگلادیش کی ٹیم نے پاکستان آنے سے انکار نہیں کیا۔لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر ایشیا کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایشیا کپ کے لیے کھلاڑیوں نے بہت محنت کی۔انہوں نے کہاکہ کرکٹ میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے تاہم باوٴلنگ اور فیلڈنگ پر بہت پریشر تھا۔کپتان نے کہا کہ توقع ہے کہ ٹیم کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔ دبئی سے وطن واپسی پر کپتان مصباح الحق کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکاء اشرف بھی موجود تھے۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بنگلا دیش کی ٹیم نے پاکستان آنے سے انکار نہیں کیا،ٹیم کے آنے کا فیصلہ بنگلا دیش کی حکومت کرے گی۔