دنیا
10 دسمبر ، 2013

منڈیلا کی آخری رسومات: عالمی رہنما جنوبی افریقا پہنچنا شروع

منڈیلا کی آخری رسومات: عالمی رہنما جنوبی افریقا پہنچنا شروع

جوہانسبرگ…عظیم جنوبی افریقی رہنما نیلسن منڈیلا کی آخری رسومات کی تیاریاں جاری ہیں، عالمی رہنماوٴں نے بھی جنوبی افریقہ کا رخ کرلیا ہے۔ کینیڈا کے وزیراعظم پہنچ گئے، امریکی صدر روانہ ہوگئے۔ مادیبا کے گھر کے باہر بھی چاہنے والوں کے آنے کا سلسلہ جاری۔ جنوبی افریقی رہنما نیلسن منڈیلا کے گھر کے باہر کے ان کے چاہنے والوں کا سمندر ٹھاٹھیں ماررہا ہے۔ مادیبا سے والہانہ محبت کرنے والوں نے گل دستوں کا پہاڑ کھڑاکردیا ہے۔ ہزاروں افراد تہنیتوں گیتوں سے بھی اپنے عظیم رہنما کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔ منڈیلا کے گاوٴں کونو میں جہاں ان کی آخری رسومات اور تدفین کے انتظامات کی تیاریاں جاری ہیں۔ وہاں دنیا بھر سے رہنماوٴں نے بھی جنوبی افریقہ کا رخ کرلیا ہے۔ سب سے پہلے پہنچے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون جنھوں نے نیلسن منڈیلا کے گھر کا دورہ کیا۔کینیڈا کے وزیراعظم اسٹیفن ہارپر بھی اپنی اہلیہ کے ہمراہ جوہانسبرگ پہنچ چکے ہیں۔ امریکی صدر باراک اوباما خاتون اول کے ہمراہ جنوبی افریقہ کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔دنیا بھر کے رہنماوٴں نے اپنے اپنے ممالک میں جنوبی افریقی سفارت خانوں کا بھی دورہ کیا۔روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے ماسکو میں جنوبی افریقاکے سفارت خانے جاکرتعزیتی کتاب پر پیغام لکھ کر نیلسن منڈیلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے واشنگٹن اورجرمن چانسلر انجیلا مرکل نے برلن میں جنوبی افریقاکے سفارت خانے پہنچ کرتعزیتی کتاب پر دستخط کیے۔ جنوبی افریقی اور یورپیئن پارلیمنٹ نے بھی ایک ایک منٹ کی خاموشی سے نیلسن منڈیلا کی جدودجہد کو سلام پیش کیا جبکہ برطانیہ کی پارلیمنٹ نے ایک دن کی پوری کارروائی نیلسن منڈیلا کے نام کردی۔کیپ ٹاوٴن میں واقع ٹیبل پہاڑی پر پروجیکٹر سے بنی نیلسن منڈیلا کی تصویر بھی ان سے عقیدت کے اظہارکے لیے بنائی گئی ہے۔

مزید خبریں :