27 مارچ ، 2012
کراچی…کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں متحدہ قومی موومنٹ کے سیکٹر ممبر اور ان کے بھائی کے قتل کے خلاف ایم کیو ایم کی جانب سے آج یوم سوگ منایاگیا۔ شہر بھر میں صورتحال کشیدہ ہی، پْرتشدد واقعات میں تین درجن سے زائد گاڑیاں اور دیگر املاک جلا دی گئیں۔ فائرنگ کے واقعات میں ایک بچے سمیت مزید8 افراد ہلاک 10 زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے سیکٹر ممبر منصور مختار اوران کے بھائی مسعود مختار اور ان کی اہلیہ کو دہشت گردوں نے پی آئی بی کالونی میں گھر میں گھس فائرنگ کے شدید زخمی کردیا۔ دونوں بھائی نجی اسپتال میں دم توڑ گئے۔ واقعہ کے بعد شہر بھر میں کشیدگی پھیل گئی۔ اطلاع ملتے ہی ایم کیو ایم کے رہنماء اور کارکن اسپتال اور پھر ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔ منصور کی لاش کا پوسٹمارٹم عباسی شہید اسپتال میں کیا گیا، ڈاکٹرز کے مطابق انہیں چار گولیاں لگیں۔ واقعہ کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں ہنگامہ آرائی، جلاوٴ گھیراوٴ اور ہوائی فائرنگ شروع ہوگئی۔ فائر بریگیڈ کے مطابق صبح 8 بجے سے 12 بجے تک کے دورانئے میں مختلف علاقوں میں تین درجن سے زائد گاڑیاں نذر آتش کردی گئیں۔ جلائی جانے والی گاڑیوں میں پولیس موبائل، منی بسیں، کوچز، ٹرک، ٹیکسی، رکشہ اور پرائیوٹ گاڑیاں بھی ہیں۔ بعض مقامات پر ٹائر جلائے جانے کے ساتھ ساتھ پتھاروں اور دیگر املاک کو بھی جلا دیا گیا۔ جمشید کوارٹر، شیرپاوٴ کالونی، کورنگی، لانڈھی، بلوچ کالونی اور سرجانی ٹاوٴن اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ کے واقعات میں مزید آٹھ افراد موت کا شکار ہوئے۔آج شہر میں اسکولوں میں چھٹی کرادی گئی۔ شہر بھر میں مارکیٹیں، پیٹرل پمپ بند کرادیئے گئے، ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں سے غائب ہوگئی۔دن کی روشنی میں سرعام کی جانے والی ان پر تشدد کارروائیوں کے دوران پولیس، رینجرز اور ایف سی تماشہ دیکھتی رہی۔ جبکہ جلاوٴ گھیراوٴ کے واقعات میں نرمی کے بعد رینجرز نے بعض دفاتر پر چھاپے مارے۔ آخری اطلاعات کے مطابق قانون کے ان رکھوالوں نے شہر کے کسی بھی علاقے میں شرپسندوں کے خلاف کوئی ایک بھی کاروائی بھی نہیں کی اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں آئی۔