27 مارچ ، 2012
گوجرانوالہ…پنجاب کے وزیر اعلیٰ محمد شہبازشریف کہا ہے کہ عوام کی خاطر ایک اور لانگ مارچ سے گریز نہیں کروں گا عوام اٹھ کھڑے ہوں اور کرپٹ حکومت کا خاتمہ کر کے دم لیں۔ بجلی کی بندش کے عذاب نے عام شہریوں کے ساتھ ساتھ ایوان اقتدار میں موجود لوگوں کو بھی پریشانی میں مبتلا کردیا ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے عوام کو احتجاج کی کال دے دی،گوجرانوالہ میں بجلی کی بندش کے خلاف لانگ مارچ کا اشارہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر نکلنے کی تاریخ کا فیصلہ عوام کرے قیادت ان کے کندھوں پر ہوگی۔گوجرانوالہ کے بعد انہی خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ پنجاب نے ارفع کریم آئی ٹی ٹاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ان کا کہنا تھا کہ رینٹل پاور پلانٹس لگا کر جیبیں بھری گئیں،پنجاب کی 700 میگا واٹ بجلی باہر جا رہی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے شکوہ کیا کہ وفاق نے پنجاب کو پتھر کے زمانے میں دھکیل دیا ہے۔کچھ بھی سزا ملے پنجاب کے عوام کا مقدمہ لڑوں گا۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ عوامی احتجاج میں وہ ان کے ساتھ ہیں تاہم اس دوران املاک کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے چوبیس گھنٹوں میں دوسری بار میں احتجاج میں تشدد کا عنصر شامل نہ کرنے کی اپیل کی گئی،لیکن املاک بھی نذر آتش ہورہی ہیں اور انہیں توڑ پھوڑ کانشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔