16 دسمبر ، 2013
بدین…بچے پھول کی مانند ہوتے ہیں اور پھول کا دل سے گہرا تعلق ہوتا ہے شاید یہی وجہ ہے کہ دل کی بیماری سے آجکل بڑے ہی نہیں معصوم بچے بھی متاثر ہو رہے ہیں ۔بدین کے بھرگڑی محلہ میں بھی دل کے سوراخ کی بیماری ایک معصوم بچی کی زندگی کا روگ بن گئی ہے۔20ماہ کی معصوم ثمرین تو ابھی غم یا خوشی کے احساس سے بھی آ گاہ نہیں مگر اسکے سینے میں اٹھنے والی درد کی بے رحم ٹیسیں جب اسے بے چین کرتی ہیں تو اسکی آنکھوں سے آ نسو او منہ سے کراہیں نکل پڑتی ہیں۔اپنی معصوم سی بچی کو درد کی شدت سے تڑپتا دیکھ کر ایک ماں کی ممتا اور باپ کی شفقت بھی خون کے آ نسو روتی ہے۔ثمرین دل میں سوراخ کی بیماری میں مبتلا ہے جس کے علاج کے اخراجات ان غریب والدین کے بس کی بات نہیں۔غربت اور مفلسی اس گھر کے درو دیوار ہی سے واضح ہے ،گھر میں جو کچھ بھی تھا علاج پہ خرچ ہو چکا اب یہاں کچھ بھی ایسا نہیں بچا جس سے اس ننھی مریضہ کی زندگی بچائی جا سکے حالانکہ اس ننھی کلی کی زندگی کے ٹمٹماتے چراغ کی روشنی کے لئے اب ان مجبور والدین کے پیٹ میں فاقہ کشی کی آ گ تک جلنے لگی ہے ۔ان کے شکستہ گھر میں سوائے مایوسی کے اب کچھ بھی باقی نہیں ،مفلسی و تنگدستی کے عالم میں اب اس ننھی مریضہ کا علاج دواوٴں نہیں دعاوٴں تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔