صحت و سائنس
19 دسمبر ، 2013

کراچی سے خیبر تک پولیو وائرس سیوریج میں موجود

کراچی سے خیبر تک پولیو وائرس سیوریج میں موجود

کراچی …کراچی سے خیبر تک پولیو وائرس پی ون سیوریج میں موجود ہے۔ 19سال تک انسداد پولیو مہم چلانے والا ملک پاکستان پولیو کے پھیلاوٴ کے لحاظ سے دنیا کا خطر ناک ترین ملک بن گیا ہے، حد تو یہ ہے کہ کراچی سے خیبر تک پولیو وائرس پی ون سیورج کے پانی میں پایا جارہا ہے۔ جیو نیوز کے پروگرام ہم عوام نے اپنے خصوصی شو میں سرکاری افسران سمیت معاشرے کے مختلف طبقات کو عوام کے سامنے پیش کیا اور عالمی نوعیت کے اس اہم مسئلے پر بات کی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گزشتہ تین سال سے پولیو ایمرجنسی نافذ ہے۔مگر اعلیٰ سطح پر غیر سنجیدگی نے پاکستان کو آج دنیا کے سامنے مجرم بنا کر کھڑا کردیا ہے۔شرکا نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کو پولیو کی لعنت سے نجات کے لیے کام کرنا ہوگا۔پروگرام میں انسداد پولیو مہم کی خاطر منبر اور مسجد کے استعمال پر بھی بات کی گئی، جس پر انکشاف ہوا کہ متعلقہ محکموں کا اس جانب اب تک دھیان ہی نہیں گیا، ایک جانب ہمارا مستقبل داوٴ پر لگا ہے تو دوسری طرف عالمی برادری پاکستانیوں کے لیے ویزا پالیسی سخت کرنے کے لیے پر تول رہی ہے۔شو میں پولیو ورکرز کو ملنے والے کم پیسے اور دہشت گردی کا شکار ہونے والے ورکرز کے گھر والوں کے ساتھ حکومت کی روایتی بے حسی بھی زیر بحث آئی۔اس پروگرام میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ جب تک اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے لوگوں کی جانب سے سنجیدہ اور ٹھوس بنیادوں پر اقدامات نہیں کیے جاتے ،اس لعنت سے چھٹکارہ مشکل ہی نہیں نا ممکن ہے۔

مزید خبریں :