22 دسمبر ، 2013
راولپنڈی…برطانوی سرجن ڈاکٹر حسنات نے امراض قلب میں اپنی مہارت سے پاکستان کانام دنیابھرمیں روشن کیا۔ حالیہ دورہٴ پاکستان کے دوران انہوں نے اپنی خدمات اب مستقل طور پر وطن عزیزمیں سر انجام دینے کا اعلان کیا ہے۔ ڈاکٹرسرجن حسنات کا ایک تعارف تو برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کا دوست ہونا ہے، انہوں نے دل کے امراض کا علاج کر کے بھی دنیا بھر میں نام کمایا۔ حالیہ دورہٴ پاکستان کے دوران اپنی ٹیم کے ہمراہ راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دس کامیاب آپریشن کیے۔ ان کی مہارت دل کے والو کی مرمت اور تبدیلی ہے۔ ڈاکٹرحسنات برطانیہ میں اب تک 3ہزار سے زائدکامیاب آپریشن کرچکے ہیں۔ انہوں نے اب اپنی تمام تر مہارت وطن عزیز کیلئے وقف کردی ہے۔ادارہ امراض قلب راولپنڈی میں جدیدمشینری نصب ہے۔ اگلے سال سے یہاں دل کی پیوندکاری بھی ہوسکے گی اور ڈاکٹرحسنات کی مہارت بھی خوب کام آئے گی۔