29 دسمبر ، 2013
کراچی …کراچی میں ڈالمیا روڈ پر موٹرسائیکل سوار ملزمان نے ٹیکسی پر فائرنگ کر کے مجلس وحدت المسلمین کے دو بلدیاتی انتخابی امیدواروں سمیت تین افراد کو قتل جبکہ ایک خاتون کو زخمی کردیا۔پولیس کے مطابق ڈالمیا روڈ پر گلی نمبر 15 کے قریب موٹرسائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے ٹیکسی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے ، زخمیوں اور لاشوں کو اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید ایک زخمی بھی دم توڑ گیا جبکہ خاتون کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت صفدر،عالم ہزارہ اور سید علی شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ کے مطابق صفدر اور عالم ہزارہ کا تعلق مجلس وحدت المسلمین سے ہے وہ الیکشن کمیشن سے بلدیاتی انتخابات کے کاغذات نامزدگی جمع کرواکر واپس آرہے تھے جبکہ انھیں ٹارگٹ کیا گیا جبکہ جاں بحق ہونے والا سید علی شاہ ٹیکسی ڈرائیور ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے مطابق صفدر اور عالم ہزارہ ،مغل ہزارہ گوٹھ کے کارکنان ہیں اور انھوں نے وہیں سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے، ایم ڈبلیو ایم نے فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔